بھٹکل :7/ جولائی (ایس او نیوز) الویکوڑی میں آج جو بھی ترقی نظر آرہی ہے وہ سب یہاں کے عوام کی محنتوں کا نتیجہ ہے۔اس سے پہلے یہاں ترقی ندارد تھی ، الویکوڑی کی ترقی میں عوام کے ساتھ یہاں کی ماہی گیر سوسائٹی کا بھی بہت بڑا رول ہونے کا اترکنڑا ضلع ماہی گیر فروخت کاری فیڈریشن کے صدر گنپتی مانگرے نے خیال ظاہر کیا۔
وہ یہاں شرالی کے الویکوڑی مینوگاریکا سہکاری سنگھ کے گولڈن جوبلی اورنئی عمارت کے افتتاحی تقریب کا افتتاح کرنے کے بعد خطاب کررہے تھے۔ اپنی با ت جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہاکہ آج الویکوڑی کافی پھیلا ہواہے، مینوگاریکا سہکاری سنگھ بھی تناور درخت ہوگیا ہے ، یہ سنگھ نہ صرف ضلع میں بلکہ ریاست میں اپنی ایک اہمیت رکھتا ہے ، اس موقع پر انہوں نے سنگھ کی ترقی کے لئے جدوجہد کرنےو الوں کی ستائش کرتے ہوئے آئندہ بھی اسی طرح کا تعاون دینے کا تیقن دیا۔
عمارت کا افتتاح کرنےکے بعد خطاب کرتے ہوئے ضلع پنچایت صدر جئے شری موگیر نے کہاکہ 50برس پہلے چھوٹی سی عمارت میں شروع ہوئے سنگھ کے لئے سہولیات سےآراستہ نئی عمارت کے افتتاح سے خوشی ہوئی ہے۔ سنگھ سے یہاں کے تمام عوام کافائدہ پہنچانے کاکام کرتے ہوئے سب کے لئے مثال بننے کی بات کہی۔ سوسائٹی کے بانی صدر واسو ناگپا دئمنے نے سکیورٹی روم کا افتتاح کیا اور 50برسوں سے خدمات انجام دئیے صدور اور عملے کی تہنیت کی گئی ۔
تقریب میں الویکوڑی سنگھ کے صدر وٹھل دئیمنے ،شرالی گرام پنچایت صد ر وینکٹیش نائک، ضلع ماہی گیر محکمہ کے نائب ڈائرکٹر پی ناگراج ، درگاپرمیشوری مندر کے دھرم درشی نارائن دئمنے ، ٹرال بوٹ یونین لیڈر تمپا ہونمنے ، راماموگیرسمیت کئی لوگ موجود تھے۔